اسلام آباد (جیوڈیسک) چائنا موبائل کمیونیکیشن کارپوریشن نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے جس سے اس کی ذیلی سیلولر موبائل فون کمپنی زونگ کی پاکستان میں صرف فورجی کی مد میں مجموعی سرمایہ کاری 300 ملین ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔
گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق زونگ نے اکتوبر 2016 میں23.2 فیصد کے اضافے سے 5 ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی۔ کمپنی کے مطابق سال 2015 کے اسی مہینے کے مقابلے میں موبائل ڈیٹا کے استعمال میں 200 فیصد تک کا غیرمعمولی اضافہ اس ریکارڈ آمدنی کی بنیادی وجہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق رواں سال اگست میں زونگ کے فور جی صارفین کی تعداد 9 لاکھ تھی جو ستمبر میں بڑھ کر 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی اور کمپنی کو توقع ہے کہ بہت جلد اس کے فور جی صارفین کی تعداد 20 لاکھ تک پہنچ جائے گی جو پاکستانی ٹیلی کام مارکیٹ کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ زونگ صارفین کے حوالے سے ملک بھر میںسب سے تیزی سے پھیلتا ہوا جدید ترین نیٹ ورک ہے، یہی وجہ ہے کہ زونگ کو گزشتہ دنوں پی ٹی اے کی جانب سے کال اور ڈیٹا سروسز کی مد میں بہترین نیٹ ورک قرار دیا گیا تھا۔
کمپنی نے سال 2016 کے لیے فور جی رول آوٹ سائٹ پلان کے تحت مقرر ہ ہدف 3 ماہ پہلے ہی حاصل کر لیاتھا، اس اضافے سے کمپنی کی فور جی سائٹس کی مجموعی تعداد 6ہزار ہو جائے گی جس سے زونگ پاکستان کی سب سے بڑی، وسیع اور تیز ترین فور جی سروسز فراہم کرنے والی کمپنی بن جائے گی۔
فور جی کے مقرہ اہداف کے حصول کے لیے چائنا موبائل کمیونیکیشن کارپوریشن نے زونگ کے لیے مزید سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے جس سے زونگ کی پاکستان میں صرف فور جی کی مد میں سرمایہ کاری300 ملین ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔