چائنا نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن کے پانچ رکنی وفد نے چیرمین وانگ تونگ کی قیادت میں وزیر اعظم محمد نواز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ چائنا نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن سرکاری ملکیت میں کام کرنے والے دنیا کے پانچ سو بڑے اداروں میں سے ایک ہے۔ چیرمین وانگ تونگ نے کہا کہ چینی وزیراعظم کے حالیہ کامیاب دورہ پاکستان کے بعد ان کے ادارے کو چینی قیادت کی خصوصی مدد حاصل ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان توانائی کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے وفد کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سولر پاور پلانٹس کی تنصِب کریں۔ بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں ایسا وسیع علاقہ موجود ہے جہاں پورا سال سورج چمکتا ہے۔
وزیراعظم نے چائنا نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن کو پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں کام کرنے کی بھی دعوت دی اور کہا کہ کمپنی تھر، بلوچستان اور پنجاب کے علاقوں میں پاور پلانٹس لگائے جہاں وافر مقدار میں کوئلے کے ذخائر دستیاب ہیں۔ وزیراعظم نے وفد سے کراچی، لاہور اور راولپنڈی، اسلام آباد میں زیرزمیں انڈر گروانڈ ٹرین چلانے کے امکانات پر بھِ بات کی۔