اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ چین نے 313 پاکستانی مصنوعات کو اپنی مارکیٹ میں ڈیوٹی فری رسائی دیدی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ آزادنہ تجارتی معاہدہ دوئم پر 28 اپریل کو بیجنگ میں دستخط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے 313 پاکستانی مصنوعات کو اپنی مارکیٹ میں ڈیوٹی فری رسائی دی ہے اور یہ ڈیوٹی کی چھوٹ صرف ٹیکسٹائل مصنوعات تک محدود نہیں بلکہ کیمیکل، انجنیئرنگ، فٹ ویئر، پلاسٹک اور فوڈ آئٹمز بھی ڈیوٹی فری ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آزادانہ تجارتی معاہدے میں مقامی صعنت کو ترجیح دی گئی ہے جس سے پاکستان کی مقامی صنعتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہو گا جب کہ پاکستان کو ڈیوٹی فری رسائی دینے والی اشیاء کی چین میں سالانہ درآمد 40 ملین ڈالر کی ہے۔
مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ چین کی 1700 مصنوعات کو حساس لسٹ میں رکھا گیا ہے، اگر ملکی صنعت کو نقصان پہنچ رہا ہو گا تو سیف گارڈ لگائے جائیں گے، صنعت کے تحفظ کے لیے 1700 چینی اشیاء پر سیف گارڈ بھی لگا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدکندگان چین کے ساتھ ہونے والے تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کریں کیوں کہ پاکستانی برآمدکنندگان کے لیے بہترین مواقع ہیں اور اس کو گنوانا نہیں چاہیے۔