بیجنگ (جیوڈیسک) چین کے شہر ین چوائن میں مسافر بس میں اچانک آگ بھڑکنے سے 14 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے شہر ین چوائن کے نواحی علاقے ننزیا کے پبلک اسکوائر کے قریب اچانک مسافر بس سے شعلے اٹھنے لگے جس کے نتیجے میں 14 افراد موقع پر ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔ آتشزدگی کے واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ ہلاکتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے بس کے قریب مشکوک شخص کی نقل و حرکت کے بعد اس کی تلاش شروع کردی جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پبلک اسکوائر کے قریب بس میں اچانک آگ بھڑکی جب کہ پیلے رنگ کی جیکٹ پہنا مشکوک شخص بس کے قریب سگریٹ پیتے ہوئے چہل قدمی کرتا رہا اور بس جلنے کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا۔
واضح رہے کہ 2013 میں مشرقی چین میں ایک شخص نے بس پر فائرنگ کر کے 47 افراد کو قتل کرنے کے بعد پانی بھی جان لے لی تھی۔