بیجنگ (جیوڈیسک) چین کے صوبہ سیچوان میں گزشتہ رات آنے والے زلزلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں اب تک 12 افراد ہلاک اور 134 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
‘چین ارتھ کوئک نیٹ ورک سینٹر’ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے گزشتہ رات 10 بج کر 55 منٹ پر محسوس کیے گئے جس کی گہرائی 16 کلومیٹر تک تھی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ صفر ریکارڈ کی گئی تاہم بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے سے سیچوان کے 10 گاؤں اور قصبے بری طرح متاثر ہوئے، بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا، عمارتیں اور سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں۔
زلزلے سے متاثرہ مقامات پر امدادی کام جاری ہے اس کے علاوہ متاثرہ افراد کے لیے امدادی اشیاء کی ترسیل کا عمل بھی شروع کردیا گیا۔
زلزلے کے باعث 4 ہزار افراد بے گھر ہوگئے جب کہ مقامی اسپتال کی عمارتیں گرنے کی وجہ سے متاثرین کو امداد کی فراہمی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔