ہیبئی (جیوڈیسک) سرکاری میڈیا کے مطابق اس ہفتے بارشوں اور سیلاب سے تقریباً 86 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ چین میں شدید طوفانی بارشوں، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم ازکم 87 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔
ہفتہ کو سرکاری خبر رساں ایجنسی “شینخوا” نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ شمالی صوبے ہیبئی میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 78 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ لگ بھگ 50 ہزار مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
وسطی صوبے ہینان میں مرنے والوں کی تعداد 15 بتائی گئی ہے جب کہ آٹھ لوگ اب بھی لاپتا ہیں۔ یہاں طوفان بادوباراں کے باعث 72 ہزار لوگ گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور 18 ہزار مکانات کے تباہ ہونے کا بتایا جا رہا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اس ہفتے بارشوں اور سیلاب سے تقریباً 86 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ چین کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرما میں موسلادھار بارشیں ہوتی ہیں اور رواں ماہ ہونے والی بارشوں کے باعث 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 15 لاکھ ہیکٹر پر کھڑی فصلیں متاثر ہونے کے علاوہ، مکانوں اور عمارتوں کو پہنچے والے نقصانات کا تخمینہ اب تک تین ارب ڈالر تک لگایا جا چکا ہے۔