بیجنگ (جیوڈیسک) چین کے دریائے یانگ زی میں ڈوبنے والے بحری جہاز کے لاپتہ مسافروں کے زندہ ملنے کی امیدیں دم توڑنے لگیں۔ تاحال 29 افراد کو تلاش کیا گیا ہے۔ اٹھارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
چین کے صوبے ہیوبی میں ڈوبنے والے بحری جہاز ایسٹرن سٹار کے لاپتہ مسافروں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو آپریشن میں 4 ہزار افراد حصہ لے رہے ہیں جن میں پولیس، فائر فائٹرز، بری اور بحری فوج کے اہلکار شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ تاحال جہاز میں پھنسے مسافر زندہ ہوسکتے ہیں ، تاہم تیز ہواؤں اور بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق بدقسمت مسافروں کو نکالنے کو نکالنے کے لیے دو آپشنز زیر غور ہیں۔
ایک یہ کہ جہاز کو 2 بڑے بحری جہازوں کی مدد سے پانی سے باہر نکال لیا جائے یا پھر پانی میں ہی جہاز میں بڑے سوراخ کر کے مسافروں کو نکالا جائے۔
انتظامیہ کی جانب سے حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے، ادھر پانی میں بہہ جانے والے مسافروں کی تلاش کیلئے بھی 150 کلومیٹر کے احاطے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔