بیجنگ(جیوڈیسک)چین نے ان11 ویت نامی بچوں کو واپس کر دیا ہے جنہیں اغوا کرنے کے بعد چین سمگل کر دیا گیا تھا۔ ان بچوں کو 2011 میں چینی حکام کے بازیاب کئے جانے کے بعد واپس کر دیا گیا۔ اس وقت ان کی عمریں 10 روز اور سات ماہ کے درمیان تھیں۔ یہ بات سرکاری خبر رساں ایجنسی زینہوا نے اپنی ویب سائٹ پر بتائی ہے۔
مقامی حکام نے بچوں کے اغوا کے الزام میں 43 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ اغوا کئے جانیوالے تمام بچے لڑکے تھے۔ چائنا ریڈیو نیشنل کی اطلاع کے مطابق ملزمان میں سے 10 ویتنامی ہیں۔
زینہوا کی طرف سے چسپاں کی جانیوالی تصاویر میں ان بچوں کو زرد رنگ کے پاجامے پہنے پلاسٹک کے کھلونوں سے کھیلتے اور نیلے رنگ کی یونیفارم پہنی ہوئی خواتین پولیس اہلکاروں کے جھولا جھلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
چین میں بچوں اور عورتوں کی سمگلنگ انتہائی سنگین مسئلہ ہے کئی سوشلوجسٹ اس کی زیادہ تر وجہ مرد بچوں کو ترجیح دینے اور چین کی ایک بچہ پالیسی ہے۔ اس بنا پر بچوں اور عورتوں کا اغوا عام ہے۔ چائنا ریڈیو نیشنل کی اطلاع کے مطابق چینی حکام نے 2009 کے بعد سے چین میں سمگل کی جانیوالی 1800 سے زیادہ عورتیں اور 41 بچے بازیاب کئے ہیں۔