نیویارک (جیوڈیسک) چین نے اقوام متحدہ میں پاکستان پرپابندی لگانے اور ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر پاکستان کے خلاف بھارتی قرارداد پرکارروائی رکوا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیو یارک میں بھارت کی درخواست پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پرمختلف تنظیموں اور ممالک پر پابندی عائد کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں بھارت کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے ذکی الرحمان لکھوی کو رہا کرکے اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی کی ہے اس لئے اقوام متحدہ پاکستان کے خلاف کارروائی کرے۔
بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں والی کمیٹی کو پاکستان کے خلاف متحرک کیا تھا جس میں اقوام متحدہ کے 5 مستقل اور 10 غیرمستقل ممبر شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران کمیٹی میں شامل چین کے مندوب نے اعتراض اٹھایا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پیش کی جانے والی معلومات ناکافی ہیں اس لئے درخواست پر مزید کارروائی نہیں ہوسکتی جس پر کمیٹی کے سربراہ نے کارروائی معطل کردی۔
واضح رہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت پر رہائی اور ان کی نظر بندی کے خاتمے کا فیصلہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ نے دیا تھا جس پر بھارت نے اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی سے رجوع کیا تھا۔