بیجنگ (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کا دورہ چین خطے میں گیم چینجر سے بھی آگے کی چیز ثابت ہو گا۔ دورے سے ملک میں بجلی کے اندھیرے دور کرنے میں مدد ملے گی اور ملک میں بجلی آگئی تو سمجھو سب آگيا۔
دورہ چین پر چینی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے دورے کے اچھے نتائج نکلیں گے۔ چینی وزیراعظم کا رسپانس حوصلہ افزا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں دھرنوں کی وجہ سے متاثر ہونے والے کاموں کو ان کے دورہ چین سے نئی روح ملے گی۔
اس سے پہلے وزیراعظم نے بیجنگ میں چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کی اور توانائی اور دیگر شعبوں میں ترقی و تعاون پر تبادلہ خیال کیا گيا وزیر اعظم کے دورہ چین میں دونوں ملکوں کے درمیان انیس مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
ان میں آپٹک فائبر بچھانے کے لیےآسان اقساط پرقرضے دینے کا معاہدہ ،تھر بلاک 2 میں 65 لاکھ میٹرک ٹن کوئلہ کا معاہدہ،ساہیوال میں کوئلے سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا معاہدہ ،سکھی کناری میں ہائیڈرو پاور کے تحت 870 میگاواٹ بجلی بنانے کا معاہدہ،فیصل آباد میں صنعتی پارک قائم کرنے کا معاہدہ ،قائداعظم سولر پارک میں شمسی توانائی پیدا کرنے کا معاہدہ شامل ہے ۔