اسلام آباد (جیوڈیسک) کوئٹہ میں چینی شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی جانب سے معاملے کی تحقیقات اور مستقبل میں ایسے واقعے کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بھر میں رہنے والے چینی باشندوں کا ڈیٹا بینک بنا کر تمام سیکیورٹی ایجنسیز، نادرا اور متعلقہ پولیس سٹیشنز کو بھجوایا جائے گا۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ دونوں مقتول چینی باشندوں سیمت چینی گروپ بزنس ویزے پر پاکستان آیا، گروپ کاروبار کرنے کے بجائے براہ راست کوئٹہ چلا گیا اور کورین باشندے سے اردو سیکھنے کے پردے میں تبلیغ شروع کر دی۔
چودھری نثار نے سیکرٹری داخلہ کو معاملہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ویزا شرائط کے غلط استعمال سے ایسا واقعہ نہ ہو۔