چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنیوالے دہشتگرد بلوچستان سے آئے تھے: وزیراعلیٰ سندھ

Murad Ali Shah

Murad Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد بلوچستان سے آئے تھے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے چینی سفیر نے ملاقات کی اور اس موقع پر چینی قونصل جنرل، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ بھی موجود تھے۔

چینی سفیر نے کہا کہ کل جو واقعہ پیش آیا، آج آپ سے ملنے آیا ہوں، آپ کا شکرگزار ہوں کہ آپ نے فوری ہم سب سے رابطہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چینی سفیر سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، آپ کی سیکیورٹی بہت اہم ہے، واقعے کے فوری بعد چینی قونصل خانےکا دورہ کیا اور امن وامان پر اجلاس بھی منعقد کیا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قونصل خانوں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس دیں گے، تمام قونصل خانوں کی سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ چینی ہمارے دوست ہیں اور ترقیاتی کاموں میں پارٹنر ہیں، اس لیے ہمارے دشمن بہت بن گئے ہیں، چینی قونصل خانے کو بہترین سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو ہم جلد مکمل کرنےجارہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد بلوچستان سے آئے تھے، وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کی ہے، سندھ، بلوچستان بارڈر پر مزید سخت چیکنگ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں چینی قونصلیٹ پر تین دہشتگردوں نے حملے کی کوشش کی جسے پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

دہشت گردوں سے مقابلے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے جب کہ قونصلیٹ میں ویزہ کے لیے آنے والے باپ بیٹے بھی فائرنگ سے شہید ہوئے۔