لاہور(جیوڈیسک) مسلم لیگ نواز کے سربراہ میاں نواز شریف سے جہاں غیر ملکی نمائندوں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، وہیں آزاد اراکین بھی نواز شریف سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ میں شامل ہو رہے ہیں۔لاہور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے رائے ونڈ میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چین کے سفیر لیوجیان نے میاں نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں جمہوری حکومت کے قیام پر خوش ہیں اور مستقبل میں ساتھ چلیں گے۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور اس دوستی کو مزید پروان چڑھائیں گے اور خطے کے مسائل کے حل کے لئے مل جل کر کوششیں کریں گے۔
میاں نواز شریف سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے تیرہ آزاد اراکین نے ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف مسلم لیگ نواز کے رہنماں رانا مشہود، جعفر اقبال اور لیاقت جتوئی نے شیرازی گروپ سے رابطہ کرکے انہیں مسلم لیگ نواز میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔