اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے اقتصادی راہداری کے تحت چین پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کہتے ہیں اقتصادی اور سیکورٹی تعاون دونوں ملکوں کے لیے اہم ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور خطے میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے علاوہ اقتصادی ترقی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
سرتاج عزیز نے بتایا کہ چینی صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سرتاج عزیز نے کہا اقتصادی راہداری کے تحت چین پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا چین نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا افغانستان کے استحکام کے لیے دونوں ملک مل کر کام کریں گے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ وانگ ژی نے کہا اقتصادی اور سیکورٹی تعاون دونوں ملکوں کے لیے اہم ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا انسداددہشت گردی کی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
وانگ ژی کا کہنا ہے توانائی اور ٹرانسپورٹ منصوبوں پر کام جلد مکمل کر لیں گے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا افغانستان کی تعمیر نو میں مدد دیں گے ، پاکستان اور چین میں معاشی ، سلامتی کے امور میں مکمل اتفاق رائے ہے۔