اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں چینی محنت کشوں کا کردار قابل ستائش ہے جبکہ پاک چین اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے ٹیلی فون پر حکومت بنانے پرمبارکباد دی اور باہمی تعلقات کومزید فروغ دینے کی خاطر مل کرکام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چین اورپاکستان ہر موسم کے دوست ہیں ،مجھے امید ہے کہ سی پیک مقررہ شیڈول کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان چین کے سماجی شعبوں ، کرپشن و غربت کے خاتمہ کے لیے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے، سی پیک نیشنل پراجیکٹ ہے اورترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کی ترقی میں چینی ورکرز کا کردار قابل ستائش ہے اور پاک چین اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوطی دلائیں گے۔