کراچی (جیوڈیسک) چینی مصنوعات کے پاکستانی منڈیوں پر غلبے سے پیداواری شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، پاکستان بزنس کونسل نے ٹریڈ اینڈ مینوفیکچرنگ پر اپنی سالانہ رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق سال 2015 میں چینی مصنوعات نے کئی شعبوں کی پیداواری صلاحیت کو بری طرح متاثر کیا۔ ان میں الیکٹرونکس، پیپر بورڈ ، ٹائلز اور لیدر شوز سرفہرست ہیں۔
ایک سال کے دوران پیپر اور پیپر بورڈ کی پیداوار 39 فیصد کمی سے 5 لاکھ 66 ہزار ٹن جبکہ برآمدات 7 فیصد اضافے سے 6 لاکھ 40 ہزار ٹن رہی ۔ اس عرصے میں صرف چین سے 15 کروڑ ڈالر کا پیپر اور پیپر بورڈ درآمد کیا گیا۔
گذشتہ سال مقامی مارکیٹ میں چینی الیکٹرونکس مصنوعات اور مشینوں کا حصہ 54 فیصد سے بھی بڑھ گیا اور 5 لاکھ 50 ہزار کے لگ بھگ الیکٹرونکس مصنوعات درآمد کی گئیں۔
چین سے آزاد تجارتی معاہدے کے نتیجے میں سال 2015 میں 18 کروڑ ڈالر مالیت کے ٹائلز درآمد کیے گئے ،، دوسری جانب اسی عرصے میں لیدر شوز کی درآمدات 12 فیصد تک بڑھ گئی جبکہ برآمدات میں 12 فیصد کمی ہوئی ریکارڈ کی گئی۔