چنیوٹ (جیوڈیسک) دریائے چناب کا سیلابی ریلا چنیوٹ کی حدود میں تباہی پھیلا تا آگے بڑھ رہاہے۔ چنیوٹ برج پر پانی کا بہاؤ 8 لاکھ 28 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیاہے۔ دریائے چناب کے سیلابی ریلے نے چنیوٹ، بھوانہ لالیاں، حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں کو تازہ شکار بنایاہے جبکہ سرگودھا کی تحصیل بھیرہ میں جہلم اور چناب نے مل کر تباہی مچائی ہے۔
ان علاقوں میں سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے ہیں اور ہزاروں افراد مصیبت میں گھرئے ہوئے ہیں۔ سیلابی ریلا اس وقت چنیوٹ برج سے گزر رہاہے جہاں پانی کا بہاؤ 8 لاکھ 28 ہزار کیوسک ہے، اس کی اگلی منزل ہیڈ تریموں ہے جہاں کل دوپہر پانی کا بہاؤ 6سے سات لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ سیلابی پانی جھنگ کے کئی دیہات میں بھی داخل ہوا ہے۔ سیلا ب متاثرین کو نکالنے کے لیے پاک فوج کے جوان انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔