چنیوٹ (جیوڈیسک) چنیوٹ کی تحصیل لالیاں میں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کرکے ماں اور بہن کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق لالیاں کے نواحی گاوں دربار میاں صدیقی میں 25 سالہ روبینہ کی شادی برادری کے 70 سالہ شخص سے تین ماہ پہلے زبردستی کی گئی تھی۔ روبینہ نے کچھ دن پہلے عدالت میں خلع کا دعوی دائر کیا اور میکے آگئی۔
اس کی اطلاع مسقط میں مقیم روبینہ کے بھائی ممتاز کو ملی تو وہ گزشتہ رات گھر پہنچا اور اپنے ماموں مانک علی کو بھی بلالیا۔ دونوں نے روبینہ کو خلع لینے سے روکا لیکن وہ نہیں مانی۔ اِس پر ممتاز مشتعل ہوگیا اور فائرنگ کرکے ماں اور بہن کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد ممتاز اور اس کا ماموں فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔