چنیوٹ (جیوڈیسک) پولیس نے قتل کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ صدر چنیوٹ کے ایس ایچ او حبیب اللہ چدھڑ نے بتایا کہ چک 125 ج ب کے عابد جپہ نے 10 نومبر 2009ء کو جبکہ اسی گاؤں کے حسن جپہ نے 2008ء میں اپنے مخالفین کو قتل کیا، پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے لیکن دونوں فرار ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ عابد اور حسن کی گرفتاری پولیس کے لیے چیلنج بنی ہوئی تھی، گزشتہ دنوں ڈی پی او عبد القادر قمر نے انہیں دونوں اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے جس پر انہوں نے ماتحت عملے کے ہمراہ مختلف شہروں میں چھاپے مارے اور بالآخر دونوں ملزمان کو کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔ حبیب اللہ چدھڑ نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو عدالتی حکم پر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔