چنیوٹ (جیوڈیسک) بھوانہ کے نیا لاری اڈہ میں سفید کار میں سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیوں کی زد میں آ کر تین افراد یار محمد خان، جان ولی خان اور محمد شفیق جاں بحق ہو گئے جبکہ شیر خان اور محمد خان شدید زخمی ہوئے جنہیں فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے جھنگ چنیوٹ روڈ بلاک کر دیا۔ دوسری طرف پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے سگروال کے قریب ملزمان کو گھیر لیا۔
دونوں طرف سے تین گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد دو مزدوروں کو یرغمال بنا کر فائرنگ کرتے رہے۔ تین گھنٹے تک فائرنگ کے بعد پولیس نے پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے دونوں مزدور بازیاب کرا لئے۔