چشتیاں میں دبئی کے ٹھیکیدار نے بھائیوں کی شادی پر ایک ارب روپے اڑا دیئے

Wedding

Wedding

چشتیاں (جیوڈیسک) 2 بھائیوں کی شادی پر ایک ارب روپے اڑا دیئے گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے قوانین کی دھجیاں اڑانے پر کوئی نوٹس نہیں لیا۔

تفصیل کے مطابق چک نمبر 35 فتح کے رہائشی افضل کھوکھر جو دبئی میں کنٹریکٹر ہے نے اپنے 2 بھائیوں شہزاد اور آصف کی شادی پر مبینہ طور پر ایک ارب روپے سے زائد خرچ کیے ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب 14 دسمبر سے شروع ہوئیں جو 19 دسمبر تک جاری رہیں۔ فصلوں کو کاٹ کر بڑا پنڈال سجایا گیا کیٹرنگ پر 5 کروڑ پھولوں سے تزئین و آرائش پر 3 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ 6 کلو میٹر طویل راستے پر رائٹنگ کا بندوبست کیا گیا۔ ہر رات 3 ہزار وی وی آئی پی اور 5 ہزار عام آدمیوں کو کھانا کھلایا گیا۔ وی وی آئی پیز کے کھانے پر فی کس 17 ہزار روپے اور عام آدمی کے کھانے پر ایک ہزار روپے فی کس خرچ آیا۔وی وی آئی پیز کیلیے 12 سے 20 کھانے کی ڈشوں، عام مہمانوں کیلیے 3 سے 4 ڈشوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ بن بلائے اور دیکھنے کیلیے آنے والوں کو لنچ بکس دیے جاتے۔

ذرائع کے مطابق شادی میں ملکی و غیر ملکی مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن کے لیے مہنگی گاڑیاں منگوائی گئی تھیں تقریباً 500 افراد نے سیکیورٹی انتظامات سنبھالے پاکستان کے معروف گلوکاروں ندیم عباس، عارف لوہار، ماروی میڈم، راحت فتح علی خان اور عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے علاوہ یو کے کی فوک اسٹار رانی تاج نے پرفارم کیا۔ شادی میں ملکی و غیر ملکی رقاصاؤں نے بھی پرفارم کیا اس دوران شراب کا بھی استعمال ہوتا رہا مہمانوں نے درہم اور ڈالر نچھاور کیے۔ اس شادی نے حکومت پنجاب کی ون ڈش، بے جا لائٹنگ، ساؤنڈ سسٹم، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی لیکن حیران کن طور پر ضلعی انتظامیہ نے اس کے خلاف کارروائی نہیں کی۔