چترال (جیوڈیسک) بپھرے دریا کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، پہاڑوں سے آنے والا نیا سیلابی ریلہ تحصیل مستوج میں داخل ہو گیا، اوتول گاؤں سے 10 افراد لاپتہ، دو کی لاشیں مل گئیں۔ 100 سے زائد گھر تباہ، چترال میں تین لاکھ افراد محصور ہو کر رہ گئے۔
بپھرے دریا کی بے رحم موجوں نے سب کچھ نگل لیا، پہاڑوں سے آنے والا نیا سیلابی ریلہ تحصیل مستوج میں داخل ہوا تو سب کچھ بہا لے گیا۔ سیلابی ریلے نے تحصیل مستوج کے علاقہ اوتول کا پورا گاوں صفحہ ہستی سے مٹا دیا ،100 گھر مکمل طور پر پانی میں بہہ گئے۔
پل رہے نہ سڑکیں ، تباہ حال مکانات، مکین خاک بسر ہوگئے ۔ سکول، کالج، مساجد سب کچھ پانی برد ہو گیا۔ مال، مویشی بہہ گئے، زمینی رابطوں کا سلسلہ منقطع ہو گیا۔
آمد و ررفت کا کوئی ذریعہ نہیں، چترال، سکردو سمیت گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں سیلاب کے باعث تین لاکھ افراد تاحال محصو رہیں۔
موشگول، وریجون، سہت اور گہت بھی متاثرہ دیہات میں شامل، متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کاروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔