بنگلادیش (اصل میڈیا ڈیسک) چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلادیش کی جانب سے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی ہے اور ٹیم جیت کے قریب ہے۔
چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری کرکٹ اسٹیڈیم میں پانچویں روز کا کھیل جاری ہے جہاں قومی ٹیم کے اوپنرز بلے باز عابد علی اور عبداللہ شفیق کریز پر جمے ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور ٹیم کو ایک مضبوط پوزیشن پر لے آئے۔
گزشتہ روز کھیل کے چوتھے روز بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 39 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا لیکن حسن علی نے جلد ہی بنگلا دیش کے تجربہ کار بلے باز مشفیق الرحیم کو 16 رنز پر بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا تھا اور دونوں بیٹرز نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جب کہ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 93 رنز درکار تھے۔
خیال رہے کہ بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں لٹن داس اور مشفیق الرحیم کی بیٹنگ کی بدولت 330 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔