راجکوٹ (جیوڈیسک) ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل جن کے سامنے بڑے بڑے گیند باز فیل ہو جاتے ہیں،چھکا ماسٹر کرس گیل نے ایک اور کارنامہ سرانجام دے دیا،کرس گیل ٹی ٹونٹی فرمیٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ کیربیئن بلے باز نے 10 ہزار رنز میں سات ہزار چار سو اٹھہتر رنز باؤنڈریز کی مدد سے بنائے،کرس گیل ٹی ٹونٹی کیرئیر میں 61 نصف اور 18 مکمل سنچریاں بھی اسکور کر چکے ہیں۔
ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل کا کہنا ہے کہ انہیں میچ سے قبل سیموئیل بدری نے یاد دلایا کہ سنگ میل پار کرنے میں صرف تین رنز حائل ہیں۔ آئی پی ایل میں گجرات لائنز کیخلاف میچ کے دوران کرس گیل نے 77 رنز کی بہترین اننگز تراشی جو ان کی رواں سال اس ٹورنامنٹ میں سب سے بہترین کاوش بھی ہے،انہیں حیران کن طور پر گزشتہ میچز میں بعض دوسرے کھلاڑیوں کی وجہ سے ڈگ آؤٹ کی زینت بھی بننا پڑا تاہم گزشتہ روز انہیں ابراہام ڈی ویلیئرز کی جگہ حتمی الیون کا حصہ بنایا گیا تو انہوں نے اپنے کیریئر کے دس ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کر لئے۔
ویرات کوہلی کے ساتھ سنچری شراکت قائم کرنے والے جارحانہ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ان کے ذہن میں بھی یہ بات موجود تھی لیکن میچ سے قبل سیموئیل بدری نے یاد دلایا کہ انہیں ریکارڈ کے حصول کی خاطر صرف تین رنز درکار ہیں اور جب انہوں نے یہ سنگ میل پار کیا تو بہت زیادہ اطمینان حاصل ہوا،ان کا کہنا تھا کہ سنگ میل پار کرتے ہی ان کے دماغ میں یہ بات آئی کہ اب کھل کر کھیلنے کا وقت آگیا ہے اور ان کی کوشش کارگر رہی اور وہ اس اننگز میں کامیابی اور ریکارڈ کے حصول پر بھی بہت زیادہ خوشی محسوس کر رہے ہیں،ان کا پرجوش انداز میں کہنا تھا کہ لوگ اب بھی کرس گیل کو کامیابی کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں اور انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اب بھی حیات اور بہترین کارکردگی کے مالک ہیں۔