کرائسٹ چرچ (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں کینگروز نے کیویز کو 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2سے اپنے نام کرلی ہے۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلی اوول گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ کے آج آخری دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 70 رنز ایک وکٹ پر دوبارہ شروع کری، توان کو جیت کے لیے مزید 131 رنز درکار تھے ۔
کینگروز ٹیم نے 54 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف با آصانی حاصل کرلیا، ٹیم کی جانب سے جو برنز65 ، کپتان اسٹیون اسمتھ 53 اور عثمان خواجہ 45 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے ، جبکہ کیویز بولرز کی جانب سے بولٹ، سائوتھی اور واگنر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 505 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ اپنی دوسری اننگز میں 335 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی اور مہمان ٹیم کو 201 رنز کا ہدف دیا تھا، کینگروز بولرز کی جانب سے جیکسن برڈ نے دوسری اننگز میں 5 شکار کیےتھے۔
ٹیسٹ میچ کے اختتام کے ساتھ ہی کیوی قائد برینڈن مکولم نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔وہ ٹیم کو اپنی الواداعی سیریز میں کامیابی تو نہ دلا سکے ، لیکن انہوں نے اپنے آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں برق رفتار سنچری اسکور کرکے ریکارڈبنائے اور میچ کو یادگار بھی بنادیا ۔