نیو یارک (جیوڈیسک) ہالی وڈ کے نامور اداکار کرسٹیان بیل کی نئی ایکشن ڈرامہ فلم ایگزوڈس گوڈز اینڈ کنگزکا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
بلاک بسٹر ہالی وڈ فلم گلیڈی ایٹر کے ہدایتکار ریڈلی اسکاٹ کی اس نئی فلم کی کہانی مصری بادشاہوں اور غلاموں کے گرد گھوم رہی ہے جہاں ایک ساتھ پلنے بڑھنے والے دوبہادر جنگجو نوجوان مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں اور سینہ سپر ہو کر لڑنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں جس میں قدرت بھی ان کا ساتھ دیتی ہے تاہم بعد ازاں اختلافات کے باعث ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو جاتے ہیں۔
پیٹر چینن، ڈیلان کلارک اور ریڈلی اسکاٹ کی مشترکہ طور پر پروڈیوس کردہ اس فلم میں کرسٹیان بیل کے ساتھ بین کنگسلے، جوئیل اجرٹن، آرون پال اور سیگورنی ویوراہم کرداروں میں جلوۂ گر ہو رہے ہیں۔ ڈرامے اور ایکشن سے بھرپور سنسنی خیز مناظر کی عکاسی کرتی یہ فلم ٹوینٹیتھ سنچری فاکس کے تحت رواں سال12دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دی جائیگی۔