میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) نواحی گائوں امرت نگر 133 سولہ ایل کی مسیحی کمیونٹی نے درگاہ لعل شہباز قلندر پر ہونے والے خود کش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیا ہے۔علاوہ ازیں مسیحی برادری کی طرف سے اِس واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر لواحقین سے بھرپورافسوس اور اظہارِ تعزیت کیا گیا ہے۔
اِس سلسلہ میں اپنے ایک مذمتی بیان میں جنرل کونسلرصابر خورشید نندا ،چوہدری رحمت نعارکونسلر،جیمس یعقوب ،انسپکٹر بشارت شہزاد گل اور کرسچن رائٹرز فیلو شپ کے چئیرمین اے ڈی ساحل منیر سمیت دیگر مسیحی شخصیات نے کہا ہے کہ یہ واقعہ سفاکیت اور بر بریت کی بد ترین مثال ہے جِس کے ذریعے دہشت گرد عناصر اپنی مذموم کارروائیوں سے ملک میں بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مقصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ہماری سیاسی و فوجی قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے اور اِس سلسلہ میں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیاء کی سرزمین ہے اور اس سرزمین پر محبت، امن اور رواداری کا درس دینے والی ہستیوں کی یادگاروں کو نشانہ بنانا انسانیت پر حملہ ہے جِس پر ہمارے دل غم سے لبریز ہیں۔