مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں

پشاور میں گرجا گھر پر ہونے والے دو خودکش دھماکوں کیخلاف اورمسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری، ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی اور دیگر عہدیدارن و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھے۔ علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ ملک کے طول عرض میں دہشتگردی کے واقعات نے ہر پاکستانی کی زندگی کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ مسیحی برادری پر ہونے والے بیہمانہ حملوں نے ہر پاکستانی کے دل کو رنجیدہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس المناک اور دردناک واقعہ پر ہم اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ افسوس کا مقام ہے کہ اپردیر میں فوجی افسران کی شہادت اور اب نام نہاد طالبان اور وطن دشمن عناصر کی طرف سے مسیحی برادری پر خودکش حملے ہونے کے باوجود مذاکرات کا راگ الپا جارہا ہے۔ ایک طرف حکمران یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ ان واقعات میں درندہ صفت لوگ ملوث ہیں تو دوسری طرف انہی درندہ صفت لوگوں سے مذاکرات کی بات جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناحق خون بہانے والے جانوروں سے بھی بدتر ہیں جن کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ فقط خون بہانا جانا جانتے ہیں۔ ہم حکومت پاکستان اور تمام ان سیاسی جماعتوں جو طالبان کے حق میں بیان دیتی نہیں تھکتیں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اب طے کریں کہ آیا وہ وطن دشمن عناصر کے ساتھ ہیں یا پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔ ہم شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ یہ حیوان صفت لوگ ہیں جن کا فقط ایک
ہی علاج ہے اور وہ بے رحم آپریشن ہے، اس کے بغیر ملک میں کبھی امن قائم نہیں ہوسکتا۔