مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں دہشت گردوں کا کوئی ملک ہوتا ہے اور نہ ہی مذہب

لاہور: مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں دہشت گرد وں کا کوئی ملک ہوتا ہے اور نہ ہی مذہب مسلم لیگ(ن) کی حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے انتہائی سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز صوبائی وزیر ہائوسنگ تعمیرات و مواصلات پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک تنویر اسلم اعوان نے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے صحافی حضرات سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پشاور چرچ میں دھماکہ کرنے والے انسانیت کے لفظ سے ناواقف ہیں وہ ایک منظم سازش کے تحت پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب میں بے گناہوں کا خون بہنے کی کہیں بھی کوئی گنجائش نہیں ۔ ایک بے گناہ کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ مسیحی برادری پر نہیں بلکہ پوری پاکستان قوم پر کیا گیاہے ۔اس سانحہ میں پوری قوم اپنے مسیحی بہن،بھائیوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت انتہائی سنجیدگی سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے اقدامات کررہی ہے اوروہ دن دور نہیں جب اس مملکت خداداد کو امن کا گوارا بنا دیا جائے گا۔ تنویر اسلم نے کہا کہ پرامن پاکستان میں دشمن دہشت گردی کی آڑ میں معصوم پاکستانیوں کا خون بہا کر بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں مگر غیور پاکستانی اپنے دیگر اقلیتی بھائیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیں گے۔