کراچی (جیوڈیسک) پنجاب کے شہر قصور کے علاقے کوٹ رادھاکشن میں مذہبی انتہا پسند عناصر کے ہاتھوں تشدد کے بعد زندہ جلائے جانے والے مسیحی جوڑے کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج شام 6بجے عزیز آبادمیں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر شمعیں جلائی جائیں گی۔
آج نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان نے الطاف حسین کو کوٹ رادھاکشن میں پیش آنے والے اس واقعہ کی سامنے آنے والی مزید تفصیلات سے آگاہ کیا۔ الطاف حسین نے ایک بار پھر کوٹ رادھاکشن میں مسیحی میاں بیوی کو زندہ جلائے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سرا سر ظلم، وحشت و بربریت اور سفاکانہ کارروائی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جن عناصر نے بھی مذہب کی آڑ لیکریہ وحشت وبربریت کی ہے انہوں نے اسلام کاچہرہ مسخ کرنے کی گھناوٴنی کوشش کی ہے۔ جناب الطاف حسین نے ایک بار پھر مطالبہ کیاکہ اس سفاکانہ واقعہ میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزادی جائے۔
انہوں نے اہلیان کراچی سے اپیل کی کہ وہ اپنے قیمتی وقت میں سے آدھا گھنٹہ نکال کر کوٹ رادھاکشن میں زندہ جلائے جانے والے مسحی جوڑے کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نائن زیرو پرہونے والی تقریب میں شرکت کریں اور اپنے حصہ کی ایک شمع جلا کر مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کریں۔