مسیحی عبادتگاہوں پر خودکش حملے اسلام کیخلاف سازش ہیں : امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے اوراسلام کی تعلیمات ہر قسم کے ظلم ‘ زیادتی ‘ استحصال و نا انصافی کیخلاف کردار کی ادائیگی کا درس ہی نہیں دیتیں بلکہ اقلیتوں کو بھی مکمل امن وتحفظ کی ضمانت کی فراہمی کا پابند بھی بناتی ہیں اسلئے اسلام کے نام پر قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے اور کسی بھی مذہب کی عبادتگاہوں کو نقصان پہنچانے والے نہ تو مسلمان ہوسکتے ہیں اور نہ ہی انہیں انسان کہا جاسکتاہے جبکہ اپنے تمام شہریوں کو بلا تفریق امن و تحفظ کی فراہمی ریاست کا فریضہ ہوتی ہے جس میں حکومت مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی ‘سینئر عائس چیئرمین فاروق کمال ‘ صدرسلیمان راجپوت ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ یونس سایانی ‘جنرل سیکریٹری راجہ انور ایڈوکیٹ ‘فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ میڈم انیتا ‘ تبسم ناز اور اقبال چاند نے لاہور میں مسیحی عبادتگاہوں پر خود کش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو پاکستان اور اسلام کیخلاف سازش قرار دیا ۔ مذمتی پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر پٹی نے مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ صبرو تحمل کا دامن نہ چھوڑے اور پر امن رہے پوری پاکستانی قوم ان کے غم میں برابر کی شریک اور ان کے ساتھ ہے امیر پٹی نے واقعہ کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کے ساتھ دہشت گردوں کا جڑ سے خاتمہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ کی فراہمی میں ناکام ہے اسلئے اب فوج کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔