میاں چنوں (تصور شہزاد) مذہبی تہوار اپنی اصل روح میں محبت، رواداری اور باہمی میل ملاپ کا خوبصورت اِظہار ہیں جو معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان سماجی رشتوں کو فروغ دیتے ہیں۔ان کی بدولت ہی انسانوں کو مل جل کر رہنے اور ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے ساتھ چلنے کا موقع ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرسچن رائٹرز فیلو شپ کے چئیرمین اور معروف شاعر، ادیب و کالم نویس ساحل منیر نے کرسمس کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار نہ صرف مسیحیوں کے لئے مسرت و شادمانی کا باعث ہے بلکہ یہ عالمگیر حیثیت اختیار کر گیا ہے اور پوری دنیا میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ ساحل منیر نے کہا کہ کرسمس کے ایام میں ہمیں ان محروم، نادار اور کمزور لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے جو افلاس و معاشرتی بے توقیری کا شکار ہیں۔