کرسمس سے قبل مسیحی بستیوں میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا یا جائے۔ نشاط ضیاء قادری
Posted on December 21, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی بستیوں میں صفائی وستھرائی، روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی میں قائم مسیحی بستیوں اور مختلف گرجا گھروں کا دورہ کرکے کرسمس کے حوالے سے بلدیاتی اداروں کی جانب سے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے اقدامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران بھی موجود تھے دورے کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے مسیحی رہنمائوں، پادریوں اور مسیحی عوام سے ملاقات کی اور کرسمس کے حوالے سے مسیحی بستیوں اور گرجا گھروں کے اطراف صفائی وستھرائی، حفاظتی انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے مسیحی عوام کو یقینی دلا یا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی بستیوں میں مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے گا اس موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایت کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ کرسمس کے موقع پر مسیحی عبادت گاہوں کے اطراف حفاظتی انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے تجاوزات اور رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے کرسمس کے موقع پر مسیحی بستیوں میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر مسیحی عوام کو بہتر ماحول میں کرسمس کی خوشیاں منا نے کا موقع فراہم کیا جائے۔