کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئر مین نعیم کھوکھر حکومت سندھ خصوصاً بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کرسمس کے موقع پر ملک کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے چرچوں اور مسیحی بستیوں میں فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے تمام اضلاع کا تفصیلی دورہ کرکے مسیحی بستیوں میں عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ اور مسیحی عوام سے کرسمس کے حوالے سے حکومت اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔
نعیم کھو کھر نے سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی عبادت گاہوں اور بستیوںمیں حفاظتی انتظامات کے ساتھ علاقائی مسائل کے حوالے سے مسیحی عوام کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنا ئیں تاکہ مسیحی عوام اپنا مذہبی تہوار جو ش و جذبے کے ساتھ بھر پور طریقے سے منا سکیں۔
نعیم کھو کھر نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور امن کا گہوارہ بنا نے کے لئے مسیحی عوام کا کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے حکومتی ادارے مسیحی بستیوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سوتیلی ماں کے سلوک سے اجتناب کریں اور ہماری بستیوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں نعیم کھو کھر نے گورنر سندھ ،وزیر اعلیٰ سندھ ،کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سے اپیل کی ہے کہ وہ کرسمس کے موقع پر مسیحی بستیوں اور چرچوں پر حفاظتی انتظامات کے لئے احکامات صادر کریں تاکہ مسیحی عوام کرسمس کا تہوار پر امن ماحول میں منا سکیں۔