لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری، جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور مینارٹی ونگ پنجاب کی صدر و ایم پی اے شنیلاروت نے کرسمس کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ تحریک انصاف مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے، انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرسمس کے موقع پر بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور حکومت کرسمس کے موقع پر بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ مسیحی برادری کرسمس کی خوشیوں کو منا سکیں۔
علاوہ ازیں اعجاز احمد چوہدری سے پارٹی دفتر میں صوبائی سیکرٹری ایگریکلچر پی ٹی آئی جاوید نیاز منج کی قیادت میں کسانوں کے ایک وفد نے ملاقات کی، کسانوں نے انہیں مسائل سے آگاہ کیا، اعجاز چوہدری نے کہاکہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں سے کسانوں کا کچومر نکل گیا ہے جو حکمرانوں کی کسان دشمنی کا کھلا ثبوت ہے، حکومت فوری طور پر کسان دشمن پالیسیاں ختم کرے۔