میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) مذہبی تہوار اپنی اصل روح میں محبت، رواداری اور باہمی میل ملاپ کا خوبصورت اِظہار ہیں جو معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان سماجی رشتوں کو فروغ دیتے ہیں۔ان کی بدولت ہی انسانوں کو مل جل کر رہنے اور ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے ساتھ چلنے کا موقع ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہارپاکستان کرسچن رائٹرز گلڈ خانیوال کے ضلعی صدر اور معروف شاعر، ادیب و کالم نویس ساحل منیر نے کرسمس کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار نہ صرف مسیحیوں کے لئے مسرت و شادمانی کا باعث ہے بلکہ یہ عالمگیر حیثیت اختیار کر گیا ہے اور پوری دنیا میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ساحل منیر نے کہا کہ کرسمس کے ایام میںہمیں ان محروم،نادار اور کمزور لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے جوافلاس و معاشرتی بے توقیری کا شکار ہیں۔