لاہور (جیوڈیسک) کرسمس کے موقع پر لاہور کے مختلف چرچز میں تقریبات منعقد کی گئیں، تاہم سانحہ پشاور کے باعث روایتی جوش و خروش دیکھنے میں نہ آیا، تقریبات سادگی کے ساتھ منائی گئیں۔ لاہور کے تاریخی کیتھڈرل چرچ، ڈان باسکو، نولکھا اور دیگر چھوٹے بڑے چرچز میں کرسمس کی دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدا ئش کے حوالے سے مذہبی گیت گائے گئے اور شرکا کو مقدس مشروب پیش کیا گیا۔ تاہم مسیحی برادری سانحہ پشاور کے باعث خوشی کے اس موقع پر بھی غم میں ڈوبی نظر آئی۔
کیتھڈرل چرچ کی تقریب میں بشپ ایمریٹس ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک، بشپ لاہور عرفان جمیل اور پادری شاہد معراج نے بھی شرکت کی۔ انھوں نے کرسمس ڈے اور یوم قائد اعظم کو عزم اور یکجہتی کا دن قرار دیا۔ وہ بھی سانحہ پشاور کا ذکر کرتے ہوئے رنجیدہ ہو گئے۔
دعائیہ تقریب کے بعد بڑوں، بچوں اور خواتین نے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دی۔کرسمس ڈے پر مسیحیوں کا کہنا ہے کہ سانحہ پشاور پر ان کے دل بھی دکھی ہیں، وہ اہل پاکستان کو محبت اور امن کا پیغام دیتے ہیں۔