چرچ پر حملہ کرنے والوں نے اسلام اور پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کیا، ناظم اعلیٰ جماعت اہلسنت

جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سےّد ریاض حسین شاہ نے کہاہے کہ پشاور میں چرچ پر حملہ قابل مذمت ہے۔ اسلام اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔چرچ پر حملہ کرنے والوں نے اسلام اور پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ پشاور کے خلاف منعقدہ جماعت اہل سنت کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سےّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور اسلام اقلیتوں کو برابری کے حقوق، تحفظ اور عبادت کی آزادی فراہم کرتا ہے۔

اسلامیانِ پاکستان مسیحوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دہشت گردی کا پھیلتا ناسور ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ اس لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔ ملک کو نفرتوں کی نہیں محبتوں کی ضرور ت ہے۔ سانحہ پشاور وزیر اعظم پاکستان کے دورۂ امریکہ کو ناکام بنانے کی سازش ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور امریکہ کا ہاتھ ہے۔