چرچ پر حملہ نہیں کیا لیکن شریعت کے مطابق تھا : طالبان

Taliban

Taliban

پشاور (جیوڈیسک) پشاور کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا ہیکہ پشاور میں چرچ پر حملہ انھوں نے نہیں کیا لیکن یہ شریعت کے مطابق تھا۔ بی بی سی اردو کو ایک انٹرویو میں شاہد اللہ شاہد کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پورے ملک میں طالبان کے ساتھ مذاکرات پر اتفاق پایا جاتا ہے۔ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علما نے پشاور میں چرچ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسلام کسی بھی طرح اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

سنی اتحاد کونسل نے کل خونریزی بند کرنے اور ہتھیار پھینک کر مذاکرات کا مطالبہ کیا تھا۔ آج وفاق المدارس اہلحدیث نے بھی امن کے لئے مذاکرات پر زور دیا ہے۔ تحریک طالبان نے پشاور چرچ پر حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا جسے تمام حلقوں نے خوش آئند قرار دیا تھا۔

لیکن آج شاہد اللہ شاہد کی طرف سے یہ بیان سامنے آیا ہے کہ چرچ حملہ شریعت کے مطابق تھا جس نے اعتماد کی بنتی ہوئی فضا کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد حکومت پاکستان پر کئی اطراف سے دباو آئے گا اور نئی بحث شروع ہو جائے گی۔