اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں گرجا گھروں پر حملہ اصل میں ریاست پاکستان پرحملہ ہے جب کہ حکومت ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے گرجا گھروں پر حملے اوراس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے یہ حملہ گرجا گھروں پر نہیں بلکہ ریاست پرکیا، مسیحی برادری نے مادر وطن خصوصاً سماجی شعبے کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں جو ہمارے لئے اعزاز اور فخر کا باعث ہیں جب کہ حکومت اپنے مسیحی بھائیوں کے تحفظات دور کرکے ان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سانحے میں ہلاک افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی اور صوبائی حکومتوں کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے حفاظتی اقدام مزید سخت کرنے کی ہدایت بھی کی۔