گرجا گھر پر حملہ اسلام کو بدنام کرنے کی سازش: علما کرام

Scholars Ulema

Scholars Ulema

لاہور (جیوڈیسک) علمائے کرام نے پشاور کے گرجا گھر میں خود کش حملے کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اسلام کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے سانحہ پشاور کی مذمت کی ہے۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردوں کو سزا نہیں ملے گی اس وقت تک دہشت گردی بڑھتی جائے گی۔ جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے بھی پشاور دھماکے کی مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام کو بدنام کرنے والے عناصر کو سزا دی جائے۔ علامہ راغب نعیمی نے بھی اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حملے کو پاکستان کا امن تباہ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے بین المذاہب ہم آہنگی کو ختم کیا جا رہا ہے۔

سانحہ پشاور کی ہر سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔ علمائے کرام اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے لیکن دہشت گرد عناصر ایسی کارروائیاں کر کے امن کو تباہ کر رہے ہیں۔ حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی بنانی چاہئے۔