واشنگٹن (جیوڈیسک ) وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ جاسوسی آپریشنز کے لئے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے آئندہ کوئی بھی جعلی ویکسی نیشن مہم نہیں چلائے گی۔
صدر باراک اوباما کی مشیر برائے انسداد دہشت گردی لیزا مونا کو کے مطابق سی آئی اے کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ویکسی نیشن پروگرامز کا سہارا نہ لے۔ اسی طرح ایجنسی کو ڈی این اے اور دیگر جینیاتی معلومات کے غیر ضروری استعمال سے بھی روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی آئی اے سربراہ جان برینن نے یہ احکامات گزشتہ سال جاری کئے تھے۔ سی آئی اے نے پاکستان میں اُسامہ بن لادن کی تلاش کے لئے انسداد پولیو کی جعلی مہم چلائی تھی۔اس انکشاف کے منظر عام پر آنے کے بعد سے پاکستان میں پولیو ٹیموں پر حملے شروع ہوئے تھے جن میں اب تک 56 افراد مارے جا چکے ہیں۔
انسداد پولیو مہم کی ناکامی کے بعد ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں جس پر عالمی ادارہ صحت نے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی تھی کیونکہ اس طرح دنیا بھر میں پولیو دوبارہ پھیلنے کے خدشات تھے۔