سی آئی اے نے گوانتاناموبے کے قیدیوں کو اپنا ایجنٹ بنا دیا

Guantanamo Bay

Guantanamo Bay

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی عہدے داروں نے انکشاف کیا ہے کہ گوانتانامو بے کے بہت سے قیدیوں کو سی آئی اے کا ایجنٹ بنا کر واپس ان کے ملکوں میں بھیجا گیا تھا۔

ان ڈبل ایجنٹوں کی مدد سے ڈرون حملے کیے گئے اور القاعدہ کے کئی اہم رہنماوں کو ہلاک کیا گیا۔ امریکی خبر ایجنسی کے مطابق سی آئی اے کے لیے کام کرنے پر آمادہ قیدیوں کو بھاری رقم، آزادی اور فیملی کے تحفظ کا وعدہ کیا جاتا تھا۔

ان قیدیوں کو گوانتاناموبے جیل ہی میں واقع ٹریننگ سینٹر میں تربیت دی جاتی تھی۔ امریکی عہدے داروں کے مطابق اس پروگرام کا آغاز جنوری 2003 میں کیا گیا تھا۔ کئی قیدی سی آئی اے کا ایجنٹ بننے پر آمادہ ہوئے جنھیں خفیہ فنڈ سے لاکھوں ڈالر ادا کیے گئے۔ ان قیدیوں کو رہا کر کے واپس ان کے ملکوں کو بھجوایا گیا۔

امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ان ڈبل ایجنٹوں کی نشاندہی پر ڈرون حملے کیے جاتے تھے جن میں القاعدہ کے کئی اہم رہنما مارے گئے۔ تاہم کچھ ڈبل ایجنٹ اپنے ملکوں میں واپس جا کر گم ہوگئے جن سے سی آئی کا کوئی رابطہ نہیں رہا۔

اپنے رہنماوں کی ہلاکت کے بعد القاعدہ بھی گوانتاناموبے سے رہائی پانے والے افراد سے محتاط رہنے لگی تھی۔ امریکی عہدے داروں کے مطابق یہ پروگرام 2006 میں ختم کردیا گیا تھا۔