سی آئی اے نے تفتیش کے طریقوں پر عوام اور حکومت کو گمراہ کیا

CIA

CIA

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے سی آئی اے کی تفتیش کے طریقوں سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے نے تفتیش سے متعلق حکومت اور عوام کو گمراہ کیا۔ چھ ہزار 3 سو صفحات پر مشتمل رپورٹ میں سی آئی اے کے متنازع اور سفاکانہ تفتیشی طریقے کار سے متعلق کئی دلچسپ انکشافات کیے گئے ہیں۔

ایک مقام پر کہا گیا ہے کہ تھائی لینڈ میں سی آئی اے کے ملازمین خفیہ جیل کو چھوڑ کربھاگ گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ کیسز میں معلومات حاصل کرنے کے باوجود ملزموں کو تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔ افغانستان کے ایک حراستی مرکز میں مشتبہ دہشت گردوں کوبرفیلے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیا جاتا تھا۔

ایک امریکی اہلکار کا کہنا تھا کہ سی آئی اے نے محکمہ انصاف اور کانگریس متعدد بار یہ یقین دہانی کرائی کہ تفتیش کا طریقہ منفرد ہے اس سے دہشت گردی ختم کرنے اور ہزاروں افراد کی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔ یہ سچ نہیں تھا۔ سی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ حتمی رپورٹ موصول نہیں ہوئی اس لیے وہ اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔