سی آئی اے پروگرام پر انٹیلی جنس کمیٹی کی رپورٹ کو خفیہ رکھنے پر تنقید

United States Senate

United States Senate

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی سینیٹ کی انٹیلی جینس کمیٹی کی چیئر پرسن نے سی آئی اے کے تفتیشی پروگرام سے متعلق کمیٹی کی تفصیلی رپورٹ کو اوباما انتطامیہ کی جانب سے خفیہ رکھنے پر سخت تنقید کی ہے۔

ایک بیان میں کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر ڈیان فِن اسٹائن نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ پر اوباما انتظامیہ کی بھرپور سینسر شپ نے سی آئی اے کے تفتیشی پروگرام سے متعلق کلیدی حقائق پر پردہ ڈال دیا ہے۔ تاہم وہ رپورٹ کے زیادہ سے زیادہ مندرجات منظر عام پر لانے کے لیے جدوجہد کرتی رہیں گی۔

سینیٹر ڈیان فن اسٹائن کا کہنا ہے کہ وہ صدر اوباما کو ایک خط لکھ رہی ہیں جس میں رپورٹ میں ترامیم، خفیہ معلومات کے حصول کے طریقوں اور سی آئی اے اہل کاروں کے جعلی ناموں سمیت دیگر نامناسب اقدامات کا ذکر ہو گا۔

ڈیان فن اسٹائن کا کہنا ہے کہ اہم بات یہ ہے کہ انٹیلی جینس کمیٹی کی رپورٹ میں جن غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں دہرانا نہیں چاہیے۔

ڈیان فن اسٹائن کے ساتھ سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین کارل لیون کا بھی کہنا ہے کہ رپورٹ میں کئی جگہوں پر ترامیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے ترامیم کو یکسر ناقابل قبول قرار دیا ہے۔