واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے پر سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے ممبران کی ہی جاسوسی کا الزام عائد ہوگیا ہے۔ ان الزامات پر سی آئی اے نے اندرونی چھان بین شروع کر دی ہے۔
امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کی سربراہ ڈائین فین اسٹین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سی آئی اے نے اندرونی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایجنسی کے انسپکٹر جنرل ان الزامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سے قبل امریکی اخبار کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ امریکی کانگریس کے ایک ممبر نے سی آئی اے کے اہلکاروں کی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے ممبران کی مانیٹرنگ کی شکایت کی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کے اہلکاروں نے سینیٹ کی کمیٹی کے ممبران کے زیر استعمال کمپیوٹرز تک رسائی حاصل کرلی تھی۔ سینیٹ کمیٹی کے ممبران سی آئی اے کے ان پروگرامز پر رپورٹ تیار کر رہے تھے جس کے تحت ملزمان کو زیرحراست رکھا جاتا ہے یا ان سے تفتیش کی جاتی ہے۔