حلقہ پی پی اکیس کے علاقے جنڈیال محمود میں مسلم لیگ ن کو ووٹ نہ دینے پر گائوں کی اکلوتی سڑک بلڈوز کر دی گئی

چکوال : حلقہ پی پی اکیس کے علاقے جنڈیال محمود میں مسلم لیگ ن کو ووٹ نہ دینے پر گائوں کی اکلوتی سڑک بلڈوز کر دی گئی۔ مسلم لیگ ن کے کرتائوں دھرتائوں نے تحریک انصاف کو کامیابی دلوانے پر سڑک اکھیڑ کر گائوں کا داخلی راستہ بند کر دیا۔

اہلیان گائوں کا شدید احتجاج، مسلم لیگ ن کے خلاف نعرہ بازی، ملہال مغلاں کے قریب واقع گائوں جنڈیال محمود میں حالیہ قومی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو شکست ہوئی تھی اور تحریک انصاف نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ جس کا مسلم لیگ ن کی مقامی شخصیات کو اس کا رنج پہنچا اور گزشتہ روز افتخار احمد، آفتاب احمد، نثار احمد، وغیرہ نے ٹریکٹر چلا کر گائوں کی اکلوتی سڑک کو بلڈوز کر دیا۔

جبکہ مین نالہ بھی توڑ ڈالا۔ مذکورہ سڑک ملک تنویر اسلم سیتھی کی پندرہ لاکھ روپے کی گرانٹ سے ڈیڑھ سال قبل تعمیر کی گئی تھی مگر حالیہ انتخابات میں اہلیان گائوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دئیے جس پر افتخار احمد وغیرہ نے گائوں کی سڑک کو ٹریکٹر چلا کر توڑ پھوڑ ڈالا۔ ماسٹر منشائ، راجہ قربان حسین، ملک توفیق، محمد ریاض، خالد محمود، حاجی صبح صادق، محمد صدیق، محمد عزیز، محمد وسم، عامر، اور یاسر وغیرہ نے اعلیٰ حکام سے نہ صرف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بلکہ ٹی ایم اے کی منظور شدہ سڑک جو کہ سرکاری گرانٹ سے ہی تعمیر ہوئی تھی پر کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلیان گائوں کا کہنا ہے کہ سیاسی انتقامی کاروائیاں مسلم لیگ ن کو زیب نہیں دیتیں اور جن لوگوں نے گائوں کی سڑک توڑی ہے وہی مسلم لیگ ن کی ناکامی کے ذمہ دار ہیں اوران کے منفی رویے کی وجہ سے اہلیان گائوں میں سخت نفرت پائی جاتی ہے۔