لاہور (جیوڈیسک) سرکلر ڈیٹ پھر 300 ارب تک جا پہنچا ہے ، شارٹ فال نے بھی سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ، بدترین لوڈ شیڈنگ نے حکومتی دعوئوں کا پول کھول دیا۔
بجلی بحران نے حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا ، وزارت پانی و بجلی اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی جانب سے بجلی کا لوڈ شیڈنگ شیڈول صرف کاغذوں تک ہی رہ گیا۔ بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کا بوجھ اٹھانے میں بجلی کا ترسیلی نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح لاہور میں بھی جبری لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق سنٹرل پاور کنٹرول سنٹر اور مقامی ڈسٹری بیوشن کمپنی کی جانب سے بار بار بجلی کی بندش کی جا رہی ہے تاکہ سسٹم کو بڑے بریک ڈاؤن سے بچایا جا سکے۔
لاہور میں دن اور ارت کے کسی پہر بھی مسلسل بجلی کی فراہمی نہیں ہو رہی جبکہ بند روڈ گرڈ سٹیشن کی تکنیکی خرابی کے باعث دوسرے گرڈ سٹیشنز پر لوڈ بڑھنے سے بھی بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
سرکلر ڈیٹ ایک مرتبہ پھر تین سو ارب تک پہنچ گیا ہے جبکہ شارٹ فال نے بھی ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ ایسے حالات میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے بارش کی دعا کرنے کی اپیل کر دی ہے۔