کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ 1965ء کی جنگ میں ملک کے جن شہروں پر بمباری کی گئی، عمران خان بھی انہی شہروں کو نشانہ بنانہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی صنعت دن بدن مستحکم ہو رہی ہے تاہم پاکستان کسی کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔
کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014ء کی اختتامی تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دفاعی نمائش میں دنیا کے 80 ممالک کے مندوبین نے عالمی معیار کے پاکستانی سامان کی تعریف کی۔
جس پر ہمیں اپنے انجینئرز پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی سامان کی نمائش دھرنوں سےبہت زیادہ اہم ہے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دکانیں کھلی رکھنا تاجروں کا حق ہے، کسی کو پاکستان بند کرنے کا حق نہیں دے سکتے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ 1965ء کی جنگ میں کراچی، لاہور اور فیصل آباد پر بمباری کی گئی، عجیب یکسانیت ہے کہ عمران خان بھی انہی شہروں کو نشانہ بنانہ چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان نے فخر الدین جی ابراہیم جیسے شریف آدمی کو گالی دی۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ گنتی کے چند لوگوں کے دھرنوں سے دنیا میں پاکستان کا اچھا تاثرنہیں جارہا، بیرون ملک لوگ سمجھتے ہیں کہ پورا پاکستان اور کاروبار زندگی بند پڑا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے بلکہ معیشت میں بہتر ہو رہی ہے ،روپے قدر میں بھی بہتری آئی ہے۔