اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایک ہزار میگاواٹ کے ونڈ انرجی منصوبوں کے فنڈز موجود ہیں ، دو ہزار میگاواٹ بجلی گنے کے چھلکے سے پیدا کی جائے گی۔
اسلام آباد میں وزارت پانی و بجلی اور یونس انرجی کے درمیان پچاس میگاواٹ ونڈ انرجی منصوبے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ منصوبے کے تحت پچاس میگاواٹ پاور پلانٹ جم پیر سندھ میں نصب کیا جائے گا۔
منصوبہ پندرہ ماہ میں ایک سوپینتیس ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہو گا۔ منصوبے سے سولہ روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہو گی۔تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک ہزار میگاواٹ کے ونڈ انرجی منصوبوں کے فنڈز موجود ہیں۔
دو ہزار میگاواٹ بجلی گنے کے پھوک سے پیدا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بجلی کا شارٹ فال 2500 میگاواٹ ہے۔شہری علاقوں میں چھ سے آٹھ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ملک بھر میں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی۔
وزیر پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ بجلی چور حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ بجلی چوروں اور و فاقی حکومت کے درمیان کشمکش جاری ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سرکلر ڈیٹ ایک سال میں ختم نہیں ہو گا۔